پاکستان(جیوڈیسک) ابوجا نائجیریا کے قریب سمندر میں قزاقوں نے ایک آئل ٹینکر کو قبضے میں لے کر عملے کو یرغمال بنا لیا ہے۔ عملے کے افراد میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق نجی سیکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ تیل بردار جہاز ایم ٹی میٹرکس 1 پر نائیجریا کی ریاست بایلسا کے قریب ہفتے کو قزاقوں نے قبضہ کرلیا۔ قزاقوں نے عملے میں شامل پاکستانی اور نائجیرین شہریوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔
نائجیریا کی بحریہ کے حکام کا کہنا ہے کہ انھیں اس قسم کے کسی وقعے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ابوجا میں پاکستانی ہائی کمیشن سے اب تک رابطہ نہیں ہوسکا۔
ایم ٹی میٹرکس جہاز نائجیریا کی کمپنی کی ملکیت ہے اور یونان کی ایک کمپنی کے زیراستعمال ہے۔ خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا کے قریب سمندر میں بھی قزاقی کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں۔ رواں سال اب تک قزاقی کے 24 واقعات ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ سال ایسے 62 واقعات ہوئے تھے۔