میدوگوری (جیوڈیسک) نائیجیریا کے ایک پرہجوم بازار میں یکے بعد دیگرے 3 خودکش حملوں میں 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق خودکش حملہ آوروں نے نائیجیریا کی ریاست بورنو کے شہر میدوگوری کے مقامی بازار میں مجمع کے اندر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ یکے بعد دیگرے تین خودکش حملوں سے علاقہ لرز اٹھا اور لوگ چیخ و پکار کرنے لگے، دھماکوں کے بعد مارکیٹ میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے محفوظ ٹھکانوں کی تلاش میں لگ گئے۔
بورنو ریاست کے پولیس چیف نے میڈیا کو بتایا کہ یہ حملے بھیڑ والی مچھلی مارکیٹ میں ہوئے جو کہ میدوگوری کے نواح میں واقع ہے جس میں 22 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے، طبی عملے کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 50 سے زائد ہے۔
یہ خود کش حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں کہ جب شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے سیکڑوں جنگجوؤں کو ٹرائل کے لیے سویلین کورٹ میں پیش کیا گیا ہے۔