ابوجا (جیوڈیسک) نائیجیرین حکومت نے ملک میں سرگرم جنگجو گروپ بوکو حرام کی شمال مشرقی نائیجیریا کے علاقوں میں اسلامی ریاست قائم کرنے کی خبروں کی تردید کر دی یاد رہے کہ گزشتہ روز بوکو حرام کے رہنما ابوبکر شیکاو کی ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں وہ اپنے ساتھیوں کو گووزا نامی قصبے پر قبضہ کرنے پر مبارکباد دے رہے ہیں۔
نائیجرین حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ علاقے میں بوکو حرام اور فوج کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے، علاقے پر قبضے کے دعوے بے بنیاد ہیں، ابھی تک علاقہ فوج کے کنٹرول میں ہے تاہم فوج کو نقصان ضرورہواہے جس کی تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بوکو حرام نے اپنی پر تشدد کارروائیوں کا آغاز 2009 میں کیا تھا اور اب تک شمال مشرقی نائیجیریا میں ہزاروں افراد ان کارروائیوں میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔