نائیجیرین صدر کا بوکوحرام کیخلاف فوجی آپریشن کا حکم

Nigerian President

Nigerian President

ابوجا (جیوڈیسک) نائیجیریا کے صدر گڈ لک جوناتھن نے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف مکمل جنگ شروع کرنے کا اعلان کر دیا،ملک میں فوجی حکومت ختم ہونے کے 15 سال مکمل ہونے پر یوم جمہوریت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جوناتھن نے کہا کہ عالمی دہشت گردی سے ملک کی ترقی کو خطر ہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کو حکم دے دیا گیا ہے کہ وہ ملک میں دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے ایک مکمل فوجی آپریشن شروع کریں۔

صدر نے مزید کہا کہ ہم اپنے پڑوسیوں اور عالمی برادری کی حمایت سے اپنے دفاع کو مضبوط کریں گے، طالبات کو بازیاب کرا لیں گے اور ملک کو دہشت گردوں سے پاک کر دیں گے۔

بوکوحرام نے ملک میں 2009 سے پرتشدد کارروائیاں شروع کی ہوئی ہیں۔چند روز قبل بھی جنگجوؤں نے شمال مشرق میں گورمیوشی گاؤں پر حملہ کر کے 42 افراد کو قتل کر دیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق جنگجوؤں نے لوگوں کو فائرنگ اور تیز دھار آلوں سے قتل کیا جبکہ گھروں کو آگ لگا دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنگجوؤں نے اسکول کی سیکڑوں طالبات کو اغوا کر لیا تھا۔تنظیم لڑکیوں کے بدلے اپنے جنگجوؤں کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔