پشاور (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹ انتخابات کی ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل جاری ہونے والے صدارتی فرمان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف برادران کی جانب سے کیا جانے والا اقدام دھاندلی کا پرانا حربہ ہے۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں خیبر پختونخوا سے کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے سینیٹ میں ووٹ کی خرید و فروخت اور ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے جب کہ اس سے قبل عوامی نمائندوں کے ضمیروں کی بولی لگائی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا سینیٹ الیکشن سے قبل سعودی عرب کا دورہ کرنا غیرسنجیدہ رویہ ہے جب کہ شریف برادارن نے الیکشن سے قبل صدارتی فرمان کے ذریعے دھاندلی کی کوشش کی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ انتخابات کے لئے براہ راست ووٹنگ کرائی جانی چاہیئے، اگر پارٹی قیادت بدعنوان نہ ہو اوراصولوں پر قائم ہو تو پارٹی ممبران بھی اسی پر عمل پیرا ہوتے ہیں جو پی ٹی آئی ممبران نے سینیٹ انتخابات میں کر دکھایا ہے۔