اسلام آباد : نہال ہاشمی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عدالتوں پر دشنام طرازی کر رہے ہیں۔نون لیگ اس سے پہلے بھی عدلیہ کو دھمکیاں دے چکی ہے کبھی بریف کیس اور کبھی حملے ان کے ریکارڈ میں شامل ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن مجلس عاملہ انجینئر افتخار چودھری نے اخباری بیان میں کہا کہ نہال ہاشمی کوئی پگلے نہیں ہیں پاکستان کے ایوان بالا کے رکن ہیں ان سے یہ بات کہلوائی گئی ہے نون لیگ اس قسم کے رنگ بازوں سے بھری ہوئی ہے۔
میاں نواز شریف کا انہیں سینیٹر شپ سے نکالنا اب کوئی معنی نہیں رکھتا اس سے پہلے مشاہد اللہ خان پرویز رشید خواجہ آصف سعد رفیق بھی اسی طرح کی گفتگو کر چکے ہیں۔قوم عدلیہ اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ تو اپنا کام کرے گی ہی سہی اب قوم کو بھی اس قسم کے ننگ وطن لوگوں کا احتساب کرنا ہو گا۔انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ چیف جسٹس نے اس واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے