کراچی (جیوڈیسک) نیلو فر طوفان کراچی کی طرف بڑھ رہاہے۔ساحل سے اس کا فاصلہ لگ بھگ چھ سو کلومیٹر رہ گیا ہے لیکن طوفان سے پہلے اس کی آمد کے اشارے ابھی سے پہنچنے لگے ہیں نیلو فر کی آمد آمد ہے۔
استقبال کے لیے بادلوں نے سایہ کردیا۔ بارش کے قطرے پھولوں کی طرح کراچی کے مختلف علاقوں میں برس رہے ہيں۔ ابھی تک موسم خوشگوار اور سہانا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی نوید سنائی ہے کہ نیلو فر سے پاکستان کو خطرہ نہيں۔
بحیرہ عرب میں پنپنے والا نیلوفر نامی یہ طوفان کراچی کی طرف بڑھ رہا ہے ، لیکن اب اس کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ نیلو فر کراچی سے لگ بھگ چھ سو کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ طوفان کی شدت میں مزید کمی کاامکان ہے۔
کراچی پہنچتے پہنچتے اس کا زور تقریبا ختم ہوجائے گا لیکن اس کے سائيڈ افیکٹ ضرور کراچی کو متاثر کریں گے ، ان میں تیز بارش اور طوفانی ہوائيں شامل ہیں ، صوبائی حکومت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔