کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے سینئررکن انیس احمدقائم خانی کو متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی میں بحیثیت رکن شامل کر لیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے انیس احمد قائم خانی کو رابطہ کمیٹی میں شامل کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔
دریں اثنا رابطہ کمیٹی کے رکن محمد اشفاق نے اپنے ایک بیان میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں، تمام وفاقی اورصوبائی ایجنسیوں اور وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ نام نہاد مذہبی جماعت کے دہشت گرد نعیم الرحمان کی مجرمانہ سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اسے گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ اس مذہبی جماعت کے قتل و غارتگری کے ونگ تھنڈر اسکواڈ کی ذمہ داری اس وقت دہشت گرد نعیم الرحمان کے سپرد کی گئی۔
جب اس نے جماعت اسلامی سے مخالفت کرنے والے جماعت کے انتہائی دیرینہ مخلص رفیق ڈاکٹر اطہر اللہ قریشی کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسجد سے آتے ہوئے عینی شاہدین کے مطابق ان پر جدید اسلحہ سے فائرنگ کر کے شہید کردیا۔ اس کے بعد ادارہ نورحق میں ایک جشن کی تقریب ہوئی جس میں دہشت گرد نعیم الرحمان کو تھنڈر اسکواڈ کا سربراہ بنا دیا گیا۔
جو آج تک پور ے شہر میں قتل و غارتگری کے عمل میں بلواسطہ یا بلاواسطہ شریک ہے۔ اس کی سرپرست مذہبی جماعت نے اسے کراچی کا امن غارت کرنے، قتل وغارتگری کرنے، اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرنے اور تاجروں، صنعتکاروں سے بھتہ لینے پر مامور کیا ہے۔