نشاط ضیاء قادری کا شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کا نوٹس

کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کا نوٹس لیتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہنگامی بنیاد پر شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فراہمی ونکاسی آب کے غیر قانونی کنکشن کی روک تھام اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے ترسیلی نظام کو درست کرنے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی مسائل کے حوالے سے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران بھی موجود تھے ۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر عوام سے ملاقات کی اور اُن سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ حق پرست قیادت فراہمی و نکاسی آب سمیت علاقائی ترقی اور عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے جد وجہد کررہی ہے اور اپنی عوام کو مسائل سے دوچار نہیں ہونے دینگے انہوں نے اس موقع پر موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران سے کہاکہ وہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کے حوالے سے درپیش عوامی مسائل کو فوری حل کریں اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام سے بھی اپیل کی وہ فراہمی ونکاسی آب کے غیر قانونی کنکشن کے حصول سے اجتناب کریں اور ایسے غیر قانونی عمل کے مرتکب افراد کی اطلاع واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو کریں تاکہ غیر قانونی اقدام کی روک تھام کے ذریعے شاہ فیصل کالونی میں فراہمی ونکاسی آب کے نظام کو درست بنا کر مسائل سے نجات دلا یا جا سکے۔