کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے نظام کا معائنہ کرتے ہوئے ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی اداروں کی غفلت اور لاپراہی کے باعث برسات کے دوران شہر قائد ڈوبنے کا خدشہ ہے شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی عدم درستگی کے باعث دوران برسات برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے مسائل پیدا ہونے کے ساتھ عوام کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے گولڈن ٹائون برساتی نالے کے ادھورے کام اور چکورہ نالے کی عدم صفائی کے حوالے سے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر اور متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ ممکنہ برسات سے قبل ہنگامی بنیادوں پر زیر تعمیر گولڈن ٹائون نالے کو مکمل کیا جائے اور چکورہ نالہ ناتھا خان گوٹھ کی صفائی کو یقینی بنا یا جائے اگر اس حوالے سے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو دوران برسات شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوکر رہ جائیگا اور جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی پر ہوگی۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کا معائنہ کرتے ہوئے ضلعی بلدیاتی اداروں اورشاہ فیصل ٹائون انتظامیہ سے ممکنہ طوفان اور شدید برسات کے پیش نظر نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے لئے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کو صاف کرنے کی ہدایت کی ہے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ دنیا کے بڑے شہروں میں شمار ہونے والے میگا پولیٹن سٹی کراچی میں ناگہانی آفات سے بچنے اور عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے کوئی ادارہ فعال نہیں ہے انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی اداروں کو حکومت نے مکمل طور پر مفلوج کردیا ہے۔
شہر کے گلی کوچوں میں صفائی وستھرائی ،فراہمی و نکاسی آب کے ابتر نظام کی وجہ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور حکومتی بے حسی پر عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ سندھ حکومت سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو لاوارث نا سمجھے جب تک قائد تحریک محترم الطاف حسین کا ایک بھی سپاہی زندہ ہے عوامی کو مسائل کا شکار نہیں ہونے دینگے۔