کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کا فوری خاتمہ کرکے عوامی شکایا ت کا فوری ازالہ کیا جائے بغیر کسی تفریق کے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف شاہراہوں اور سرور روڈز کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شاہراہوں اور سرور روڈز پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات اور شاہراہوں پر کھڑی ناکارہ گاڑیوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے ذمہ دران کو تاکید کی کہ تجاوزات کا کاتمہ اور اس کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جائیں۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں بلدیاتی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی درستگی سمیت دیگر بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لاکر مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو تفصیلات بتا تے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون کے ذریعے ضلع میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے حوالے سے گرینڈ آپریشن کا آغاز کرچکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ضلع کورنگی کی تمام شاہراہوں اور سرکاری اراضی سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرکے ضلع کورنگی کو تجاوزات سے پاک بنایا جائیگا۔