ادارہ گونج نظام آباد کے زیراہتمام جلسہ سیرت النبی اور نعتیہ مشاعرے کا انعقاد

Islam

Islam

نظام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام دین فطرت ہے اور انسانوں کی تمام ضروریات کی تکمیل کے احسن طریقہ بتاتا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖ سارے عالم کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں۔ آپ ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نہ صرف مسلمان بلکہ سارے عالم کے انسان دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

آج مسلمانوں پر ساری دنیا میں جو برے حالات پیش آرہے ہیں اس کی ایک وجہہ مسلمانوں کی دین سے دوری ہے۔ اگر ہم قرآن و حدیث کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وصلم کی سنتوں کو اپنی زندگی میں زندہ کریں تو حالات ہمارے حق میں بہترہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب سید مجیب علی صاحب ڈائرکٹر نالج پارک انٹرنیشنل و کریسنٹ گروپ آف اسکولس نے ادارہ گونج نظام آباد کی جانب سے منعقدہ جلسہ سیرت النبی ۖ اور نعتیہ مشاعرے سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔

جناب غلام رسول صاحب امام و خطیب مسجد یوسفیہ نے حضور اکرم ۖ کی سیرت مبارکہ کے مختلف گوشے بیان کیے اور آپۖ کی رحمت اور شفاعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روز حشر آپ ۖ اپنی امت کی شفاعت کی فکر امتی امتی کہتے ہوئے کریں گے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان سچے عاشق رسول ۖ بنیں اور دعوی عشق نبی ۖ کا عملی نمونہ بنیں۔ انہوں نے محافل سیرت اور نعت گوئی کو مسلمانوں کے لیے باعث سعادت و مغفرت قرار دیا۔

جلسہ میں ڈاکٹر محمد ناظم علی سابق پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں انہیں تہنیت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نے اس موقع پر جناب جمیل نظام آبادی کی چالیس سالہ صحافتی اور ادبی خدمات کو خراج پیش کیا اور کہا کہ جمیل صاحب ہرسال پابندی سے گونج نعتیہ نمبر نکال رہے ہیں اور نعتیہ مشاعرے کے انعقاد کے ذریعے ہم سب کو مدحت رسول ۖ کرنے اور سننے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر ناظم علی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ مجاہد اردوہیں جنہوں نے اپنی تصنیف و تالیف کے ذریعے ادبی ‘ملی و سماجی مسائل کو اجاگر کیا ہے۔مدیر گونج جناب جمیل نظام آبادی نے ادارہ گونج کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ نعتیہ مشاعرے کا آغاز جناب حافظ احد صاحب امام مسجد خلیل نظام آباد کی حمد و نعت سے ہوا۔ جناب محمد بشیر الدین قادری نے حمد و نعت کا نذرانہ پیش کیا۔

دوران مشاعرہ حافظ سید اظہر علی نوید فرزند تنویر واحدی مرحوم کو اردو یونیورسٹی سے ایم اے عربی میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ادارہ گونج کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی ۔ اسی طرح مشہور شاعر جناب اشفاق اصفی صاحب کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر’ بزرگ شاعر جناب سید علیم الدین صاحب بالکنڈہ کی عمرہ کی ادائیگی پر ڈاکٹر زبیر قمر دیگلور کی ملازمت میں ترقی پر عبدالواجد شکیل کی صحت یابی پر مختلف احباب کے ہا تھوں ادارہ گونج کی جانب سے شال پوشی اور تہنیت پیش کی گئی۔

نعتیہ مشاعرے کی نظامت جناب ریاض تنہا صاحب صدر ادارہ ادب اسلامی آندھرا و اڑیسہ نے کی۔مشاعرے میں مہمان شعرا مسرز اجمل محسن’ناصر واحدی(ورنگل)افسر عثمانی (جگتیال)ڈاکٹر زبیر احمد قمر’سید ساجد قاسم( دیگلور) سید علیم الدین بالکنڈہ’شیخ احمد ضیاء ‘اقبال شانہ (بودھن) شاخ انور ( عادل آباد)اظہر کورٹلوی (کورٹلہ)کے علاوہ میزبان شعرا مسرز جمیل نظام آبادی’اشفاق اصفی’جلا ل اکبر’ریاض تنہا’رحیم قمر ‘تمیم نظام آبادی’چکر نظام آبادی’شعیب نظام آبادی’ذکی شطاری’اسرار احمد اسرار’شوکت رضا اور عبدالقادر ساجد نے بارگاہ رسالت مآب ۖ میں نذرانہ نعت پیش کیا۔

دوران مشاعرہ ڈاکٹر زبیر احمد قمر کے فرزندگ ذکی سیف نے مشہور نظم نگاہ کرم سنا کر سماں باندھ دیا۔ مشاعرے کے اختتام پر جمیل نظام آبادی نے شکریہ ادا کیا۔