کوٹلی (جیوڈیسک) آزادکشمیر کوٹلی آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی ایل او سی پرنکیال سیکٹرمیں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے دو افراد شہید ہو گئے۔ بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری ہے۔ نکیال سیکٹر میں مکان پر گولہ گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق کوٹلی آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج نے گزشتہ شب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نکیال محمد ایوب خان کے مطابق آج صبح علاقہ داٹوٹ میں ایک مکان پر گولہ گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوگئی۔
رات گئے لنجوٹ کے مقام پر بھی بھارتی فوج نے فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے دوران ایک مکان پر گولہ گرنے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔ بھارتی فوج نے کل شام کنٹرول لائن پر نکیال سیکٹر کے علاقے ترکنڈی، داتوٹ، کلر گالا اور چارانی پر بھی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی تھی۔ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے مقامی آبادی پر 200 سے زائد مارٹر شیل فائر کیے۔