اسٹاک ہوم(جیوڈیسک) نوبل انعامات 2014ء کا سلسلہ پیر کو ان افواہوں کے ساتھ شروع ہو رہا ہے کہ نوبل کا امن انعام سوات میں 2012ء میں طالبان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کی علمبردار 17 سالہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی، امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈور ڈسنوڈن اور عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس کو جا سکتا ہے۔
ملالہ یوسفزئی کو گزشتہ سال بھی نوبل امن انعام کیلیے نامزد کیا گیا تھا۔ اس سال امن انعام کیلیے نامزدگیوں کی ریکارڈتعداد 278 ہے اور یہ فہرست خفیہ ہے تاہم اس کے اسپانسرز کی جانب سے بعض نامزدگیوں کے نام سامنے لائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 2013ء کے لیے امن کا نوبل انعام کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے عالمی ادارے (او پی سی ڈبلیو) کو دیا گیا۔