لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے کچھ دیر بعد ہی وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق صدر احسان مانی کو بورڈ کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا اعلان کیا تاہم بعد میں انہوں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ احسان مانی کو عہدے کے لیے نامزد کریں گے۔
عمران خان نے اپنے پہلے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ احسان مانی نے آئی سی سی میں پی سی بی کی نمائندگی کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ احسان مانی 3 سال آئی سی سی کے خزانچی اور 3 سال سربراہ رہے، چیئرمین پی سی بی کے منصب کیلئے وہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
بعد ازاں دوسرے ٹوئیٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم چیئرمین پی سی بی کے لیے آئینی طریقہ کار کے مطابق چلیں گے جس کے تحت وہ احسان مانی کو بورڈ آف گورنر کے لیے نامزد کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ احسان مانی کو الیکشن لڑ کر چیئرمین پی سی بی بننا ہو گا۔
عمران خان کی جانب سے چیئرمین نامزد ہونے کے بعد احسان مانی نے کہا کہ میرا وژن وہی ہے جو وزیراعظم عمران خان کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقصد نچلی سطح سے پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنا ہے، ہم وزیراعظم کے وژن کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو بہتر کریں گے۔
سابق آئی سی سی صدر نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ دنیا میں سب سے بلندی پر ہو۔
اس سے قبل اپنے ٹوئٹر پیغام میں نجم سیٹھی نے اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیراعظم کے حلف لینے کا اانتظار کر رہا تھا۔
اپنے استعفے میں انہوں نے پی سی بی اور پاکستان کرکٹ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔