لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 120 سے مسلم لیگ ن کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف درخواستیں مسترد کر دیں، تین رکنی بنچ کے ایک جج نے اختلافی نوٹ دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
ریٹرننگ آفسیر محمد شاہد عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ انہوں نے سمری ٹرائل کرتے ہوئے درخواست پر فیصلہ سنایا، وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل کے عدالت پیش ہونے پر درخواست گزاروں کا اعتراض عدالت نے مسترد کر دیا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کو درخواستوں کی سماعت کا اختیار حاصل نہیں۔ کلثوم نواز کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزاروں نے جو اعتراضات عائد کئے اس کے کوئی ثبوت فراہم نہیں کئے۔
قانون کے تحت ریٹرننگ آفیسر صرف کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر جواز فراہم کرنے کا پابند ہے جس پر جسٹس عباد الرحمن لودھی نے ریمارکس دیئے کہ اگر کاغذات نامزدگی کے منظوری یا مسترد کرنے پر جواز فراہم کرنا لازم نہیں تو کاغذات کی جانچ پڑتال کرنے کا مذاق بند کر دیا جائے اور الیکشن ٹربیونل کو ختم کر دیا جائے۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے چاروں درخواستوں کو مسترد کر دیا، فیصلے میں بنچ میں شامل جسٹس عباد الرحمن لودھی نے اختلافی نوٹ بھی دیا ہے۔