اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات 2018 کے بعد نومنتخب ارکان اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کامیابی کا نوٹیفیکشن جاری کرنے کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو بھجوا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 4 اگست تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے جارہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عدالتوں میں زیرِ التواء حلقوں کے کیسز والے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکشن روک لیا جائے گا اور عدالتی فیصلے آنے پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفیکشن جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 30 سے زائد حلقوں کے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکشن جاری نہیں کیے جائیں گے۔
کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہو گا۔
8 اگست کو سیاسی جماعتوں کی ترجیحی فہرستوں کے مطابق خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق 9 اگست تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئےجائیں گے۔
بعدازاں صدر پاکستان قومی اور چاروں صوبوں کے گورنر صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔
پہلے اجلاس میں منتخب اراکین خود حلف اٹھانے کے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور قائدِ ایوان (وزیراعظم) کا چناؤ بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 116، مسلم لیگ (ن) 64، پیپلز پارٹی 43 اور ایم ایم اے 12 نشستوں کے ساتھ نمایاں ہیں جب کہ 13 آزاد امیدوار بھی ہیں جو حکومت سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔