فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد تحریک انصاف نے مسلم لیگ نواز کے قبضہ میں رہنے والی صوبائی اسمبلی کی نشت 20 سال بعد چھین لی۔ پی پی 72 کے ضمنی انتخابات میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا اور تحریک انصاف کے خرم شہزاد نے 23972 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ نواز کے خواجہ لیاقت علی کو 18256 ووٹ مل سکے۔ فیصل آباد میں تحریک انصاف کو پہلی فتح ملنے پر کارکنوں کو جوش و جذبہ دیدنی تھا اور کارکن رقص کرتے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے۔
پی پی 72 کی نشت مسلم لیگ نواز کے ایم پی اے خواجہ محمد اسلام کی ڈگری جعلی قرار ہونے پر خالی ہوئی تھی۔ 125 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل پر امن طریقے سے مکمل ہوا اور نتائج کا اعلان بھی غیر سرکاری طور پر کیا گیا جسے شکست کھانے والے امیدوار خواجہ لیاقت نے تسلیم بھی کر لیا ہے۔
فیصل آباد میں عام انتخابات اور پھر 22 اگست کے ضمنی انتخابات تک مسلم لیگ کو کلین سویپ فتح حاصل تھی مگر گھنٹہ گھر کے علاقوں پر مشتمل اس حلقے میں فتح حاصل کر کے تحریک انصاف نے مسلم لیگ کے قلعہ میں دراڑ ڈال دی ہے۔