غیر مسلم رمضان المبارک کا احترام کریں: سعودی عرب

Saudi Arabia

Saudi Arabia

ریاض (جیوڈیسک) ریاض سعودی عرب نے رمضان کا احترام نہ کرنے پر غیر ملکیوں کو سعودی عرب سے بے دخل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے غیر مسلموں کو عوامی مقامات پر کھلے عام کھانے پینے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

سعودی عرب نے ماہ صیام کا احترام نہ کرنے اور کھلے عام کھانے پینے والے غیر مسلم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کی دھمکی دی ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے وزارت داخلہ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی مملکت میں مقیم غیر مسلم رمضان کے احترام میں عوامی مقامات پر کھائیں اور پئیں نہیں اور مسلمانوں کے جذبات کا احترام کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر کھانا کھاتے ہوئے پکڑے جانے والے غیر ملکیوں کے خلاف تادیبی اقدامات کئے جائیں گے اور ان کے تحت انھیں ملازمتوں سے برطرف کیا جاسکتا ہے اور مملکت بدر بھی کیا جاسکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنیاں، کارپوریشنیں اور افراد اپنے اپنے ملازمین کو احترام رمضان سے متعلق قوانین سے آگاہ کریں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت 80 لاکھ سے زیادہ غیر ملکی تارکین وطن رہ رہے ہیں اور ان میں اکثریت ایشیائی باشندوں کی ہے۔ سعودی عرب میں شرعی قوانین کی سختی سے پاسداری کی جاتی ہے اور ان کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو کڑی سزائیں دی جاتی ہیں۔