لاہور (جیوڈیسک) لاہور اور کراچی سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلو چستان کے متعدد شہر سحری کے اوقات میں تاریکی میں ڈوب گئے، جس سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور کراچی سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرے کیے گئے کراچی کے مختلف علاقے سحری کے وقت ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن پر کنڈکٹر کی چوری کے باعث اچانک تاریکی میں ڈوب گئے۔لاہور کے علاقے دہلی گیٹ میں بھی سحری کے وقت بجلی بند ہو گئی۔
منگورہ، نوشہرہ کلاں میں بھی سحری کے وقت بجلی غاب ہو گئی، چاغی اور دالبندین میں بھی سحری کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ ہوئی۔ کراچی میں گورا قبرستان کے قریب بجلی کی طویل بندش کے خلاف مکینوں نے احتجاج کیا، پولیس کی بھاری نفری شاہراہ فیصل پہنچی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی۔ مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد پولیس نے شاہراہ فیصل پر ٹریفک بحال کرا دی۔
بجلی کی طویل اور غیرعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر ملتان کے شہری بھی آپے سے باہر ہوگئے۔ انھوں نے پہلیپاک گیٹ میں میپکو آفس کا گھیرا کیا اور پھر دھاوا بول دیا۔ مشتعل مظاہرین نے میپکو آفس میں توڑ پھوڑ کی اور فرنیچر جلا دیا۔ شیخوپورہ میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے لاہور شیخوپورہ روڈ کو بلاک کر دیا،احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ واپڈا حکام کی جانب سے صورتحال میں بہتری کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔