اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کیلئے ود ہولڈنگ سیلز ٹیکس کی شرح 17فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کر دی ہے، جبکہ ان کیلئے شناختی کارڈ اور نیشنل ٹیکس نمبر کی شرط بھی ختم کردی ہے۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیئے کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا، اعلامیئے کے مطابق تاجر برادری کی طرف سے ان کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے کپڑے پر جی ایس ٹی کی شرح 5 فیصد سے کم کر کے تین فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں سامان کی ترسیل پر بھی فی کلو ٹیکس کو 5 روپے سے کم کرکے تین روپے کر دیا گیا، کمرشل امپورٹرز کے لئے سیلز ٹیکس پر ود ہولڈنگ ختم کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا جبکہ پٹرولیم ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کیلئے ٹیکس کی یہ شرح 3.4فیصد سے کر کے ایک اعشاریہ سات فیصد کر دی گئی۔