لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ نورنے فلموں میں واپسی کے بعد اپنی فیملی کے ہمراہ کراچی منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ کراچی میں بنائی جانے والی جدید ٹیکنالوجی کی فلموں اور فیشن کی دنیا میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے اداکارہ نے لاہور میں زیرتکمیل پراجیکٹس کے لیے حتمی شیڈول ترتیب دیدیا ہے جب کہ کراچی میں پرائیویٹ پروڈکشنز کے بینرتلے بننے والے پروگراموں کے لیے بھی نور نے ابھی سے معاہدے کر لیے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئندہ دوماہ کے دوران اداکارہ نور کراچی منتقل ہو جائیں گی۔
جہاں پر انھوںنے اپنی رہائش کے لیے قریبی دوستوں کو تلاش کرنے کی ذمے داری سونپ دی ہے۔ جب اس سلسلہ میں اداکارہ نور سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے نجی مصروفیات کی وجہ سے فلم انڈسٹری سے دور ہوئی تھی لیکن اب ایک مرتبہ نئے جوش اور ولولے کے ساتھ فلم انڈسٹری میں اپنی اننگز شروع کی ہیں۔ ہدایتکار عدیل پی کے کی فلم ’’عشق پازیٹو‘‘ میں مرکزی کردار ادار کررہی ہوں جب کہ کراچی میں بننے والی متعدد نئی فلموں میں اہم کرداروں کی پیشکش کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب اس وقت فنی سرگرمیوں کا گہوارا کراچی بنا ہوا ہے۔ فلم، ٹی وی، میوزک اورفیشن انڈسٹری کے بے شمارپراجیکٹس کراچی میں ہو رہے ہیں جن میں شرکت کے لیے آئے دن کراچی آنا پڑتا تھا۔
اس لیے میں نے اپنے قریبی دوستوں کے مشورے کے ساتھ ایک مرتبہ پھر کراچی شفٹ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ہفتے میں ایک یا دوروز کے لیے کراچی میں ہونیوالے پروگراموں کی ریکارڈنگز میں حصہ لینے کے لیے آنا پڑتا ہے، لیکن میں والدہ، بہن اور بیٹی کی وجہ سے بہت پریشان رہتی تھی۔ اس لیے میں نے کراچی منتقل ہو رہی ہوں اوراس مرتبہ میری فیملی بھی میرے ساتھ کراچی شفٹ ہو گی۔ جہاں تک بات لاہور کی ہے تو لاہور میرا شہر ہے اور آج جو بھی مقام میرے پاس ہے، وہ سب لاہور کی بدولت ہے۔ میں اپنے پروفیشن کی وجہ سے کراچی شفٹ ہورہی ہوں لیکن لاہور میں آنا جانا لگا رہے گا۔ لاہور سے بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔
جن کی وجہ سے اس شہرسے اپنا رشتہ کبھی ختم نہیں کر سکتی۔ ایک سوال کے جواب میں نور نے بتایا کہ فلم اورفیشن انڈسٹری میں باقاعدگی کے ساتھ کام جاری رہے گا لیکن ٹی وی سیریلزمیں ا گر کوئی اچھا پراجیکٹ آفرہوا تو ضرور کرونگی۔ لیکن معمول کے پراجیکٹس میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ٹی وی سیریلز کے لیے بہت زیادہ وقت درکار ہوتا ہے اور میں اپنی بیٹی کو زیادہ دیراکیلی نہیں چھوڑ سکتی۔
البتہ مارننگ شو کرچکی ہوں اوراگراب کوئی ایسا پراجیکٹ ملا تو اس کو ضرور سائن کرونگی۔ شوکی میزبانی ایک زبردست کام ہے اور میرے لیے یہ تجربہ بہت اچھا رہا تھا۔ اس کے علاوہ فیشن انڈسٹری کے فیشن شو، برانڈ شوٹس اور کمرشلز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں فیشن انڈسٹری کی بیشتر سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہتی ہوں اور بہت سے پراجیکٹس لاہور میں ہونے کی وجہ سے نہیں کر پاتی لیکن اب جب کراچی میں شفٹ ہو جاؤنگی تو پھر اس طرح کی دقت پیش نہیں آئے گی۔