لاہور (عرفان طاہر) سربراہ تحریک صراطِ مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ نور مجسم اور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کائنات کی سب سے بڑی عید ہے۔ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر سال نئی خوشیاں لے کے آتی ہے۔
اس عید کے منانے سے انسان اپنے آپ کو غم و آ لام سے دور سمجھتاہے شب ولادت کی برکات عقیدت مندوں کو سال بھر محسوس ہوتی رہتی ہے۔ اس عید کے موقع پر ہر سال اُمت مسلمہ میں پہلے سے زیادہ جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں اور محافل میلاد کیلئے فول پروف سکیورٹی کا اہتمام کرے۔ 13,12,11ربیع الاول شریف کو لوڈ شیڈنگ مستثنیٰ قرار دیا جائے۔
حکومت اس سب سے بڑی عید کے موقع پر اتوار کے ساتھ پیر کی بھی چھٹی کرے۔ میڈیا محافل میلاد اور میلاد جلوس کو خصوصی کوریج دے۔
بلدیا تمام شہروں میں صفائی کے اعلیٰ انتظامات کرے۔ عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محافل میلاد اور جلوسوں کو خرافات سے پاک رکھیں۔