کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار احسن خان نور مقدم کیس میں شامل تفتیشی اداروں، ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر برس پڑے۔
احسن خان نے گزشتہ روز انسٹااسٹوری پر حضرت عمر فاروق ؓ کا قول شیئر کیا ’’جو ریاست مجرموں پر رحم کرتی ہے وہاں کے بے گناہ لوگ بڑی بے رحمی سے مرتے ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ نور مقدم کیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے جس چاقو سے نور مقدم کا قتل ہوا اس پر اور پستول پر مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے فنگر پرنٹ نہیں ملے اور ملزم کے خلاف فرانزک کے سوا کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔
جب کہ گزشتہ روز ہونے ہونے والے اجلاس میں پنجاب فرانزک ایجنسی کی رپورٹ کا دوبارہ جائزہ لیا گیا جس کے مطابق قتل سے پہلے نور مقدم کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔
اس کے علاوہ مقتولہ نور کے ناخن سے ظاہر جعفر کی جلد کے نمونے بھی ملے ہیں۔ چاقو اور بلیڈ کے دستے پر نور مقدم کا خون مل گیا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ نور مقدم نے قتل ہونے سے پہلے اپنی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی۔