دنیا کی مضبوط معیشتوں کے ممالک جی ایٹ کا انتالیسواں دو روزہ اجلاس آج سے شمالی آئرلینڈ میں شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس میں عالمی معاشی خوش حالی میں حائل رکاوٹوں، شام کی صورتحال اور دیگر عالمی امور پرغور کیا جائے گا۔
جی ایٹ اجلاس میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، روس، امریکہ اور برطانیہ شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاس کے موقع پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور ممکنہ مظاہروں سے نمٹنے کے لیے آٹھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
اجلاس سے قبل برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور امریکی صدر براک اوباما اٹلی کے وزیر اعظم انریکو لیٹا، جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر فرانسوا ہولاند سے ملاقات کریں گے تاکہ امریکہ اور یورپین یونین کے درمیان آذاد تجارتی معاہدے پر بات چیت شروع ہو سکے۔