کراچی (جیوڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے نارتھ کراچی انڈہ موڑ کے قریب کارروائی کے دوران 3 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی عامر فاروقی کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی انڈہ موڑ کے قریب کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے جن کے قبضے سے ہیوی مشین گن، 2 ایل ایم جی، 3 سیون ایم ایم رائفل اور ایک کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہے جو دہشت گردی کی بڑی واردات کے لیے جمع کیے گئے تھے جب کہ کارروائی کے دوران ملزمان کا ایک ساتھی آصف محمود فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایس ایس پی عامرفاروقی نے بتایا کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران قتل کی 20 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جب کہ ملزمان جلاؤ گھیراؤ، بھتہ خوری، مخالف گروپ کے کارکنوں کے قتل کے علاوہ دیگر متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ ملزمان سے اورنگی ٹاؤن میں قتل ہونے والے 7 پولیس اہلکاروں کے حوالے سے بھی تفتیش کی جائے گی جب کہ ان سے مزید تفتیش کے لیے جے آئی ٹی کی بھی سفارش کی جائے گی۔