بیجنگ (جیوڈیسک) شمالی کوریا کے سربراہ خفیہ دورے پر بذریعہ ٹرین چین پہنچ گئے جس کے حوالے سے مختلف ذرائع ابلاغ میں خبریں زیرگردش ہیں۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان سرپرائز دورے پر چین پہنچ گئے اور 2011 میں اقتدار میں آنے کے بعد ان کا یہ کسی بھی ملک کا پہلا دورہ ہے۔
کم جان انگ کی چین میں کن لوگوں سے ملاقات ہوگی اور وہ کتنے روز وہاں قیام کریں گے، اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب جاپان کے کویوڈو نیوز چینل نے ایک سبز رنگ کی ٹرین کی فوٹیج نشر کی جس کے حوالے سے بتایا کہ اس میں کم جانگ ان اور شمالی کوریا کے دیگر حکام موجود ہیں جو چین کے شمال مشرقی سرحدی شہر ڈینگ ڈونگ پہنچے ہیں۔
ٹرین کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ یہ اسی طرح کی ٹرین ہے جس میں ان کے آنجہانی والد کم جانگ 2 نے 2011 میں چین کا دورہ کیا تھا۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنیونگ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں کم جان انگ کے دورہ چین کے حوالے سے کوئی علم نہیں، اگر اس طرح کی کوئی اطلاعات آئیں تو انہیں میڈیا سے شیئر کیا جائے گا۔
کم جان انگ کے دورہ چین سے متعلق خبروں کو امریکا، برطانیہ اور مغربی میڈیا میں بھی خصوصی کوریج دی جارہی ہے۔
یاد رہے شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے وفد کے ذریعے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حال ہی میں ملاقات کا پیغام بھجوایا تھا جس پر انہوں نے حامی بھرتے ہوئے مئی میں کم جانگ ان سے ملاقات کا اشارہ دیا تھا۔