واشنگٹن (جیوڈیسک) شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔ امریکہ نے شمالی کوریا کے ایٹمی تجربے کو اشتعال انگیز قرار دے دیا۔ چین، جنوبی کوریا، جاپان، برطانیہ نے ایٹمی تجربے کی مذمت کر دی ۔ شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے کامیاب تجربے کے دعوے نے پوری دنیا میں بھونچال پیدا کر دیا۔
امریکہ نے جوہری تجربے کو اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے ۔ وائٹ ہائوس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لے رہے ہیں ، جنوبی کوریا کے صدر Park Geun-Hye نے ایٹمی تجربے کو ملک سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ عالمی استحکام اور امن کی کوششوں کے لیے ایک چیلنج ہے ۔ پیانگ یانگ پر مزید بین الاقوامی پابندیاں عائد کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔
جاپان کے وزیر اعظم شنزوآبے کی شمالی کوریا کے تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کا یہ اقدام جاپان کے لیے سنجیدہ خطرہ اور دنیا میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی کوششوں کو چیلنج ہے ۔ آسٹریلیا ، چین اور برطانیہ نے تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دے دیا ۔ شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے کامیاب تجربے کے دعوے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیے گئے ایک بیان میں شمالی کوریا کے پہلے ہائیڈروجن بم کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا گیا تھا ۔ جوہری تجربات کے مقام پنجی ری کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے بھی محسوس کیے گئے ۔ پنجی ری کے مقام پر 2006 سے اب تک شمالی کوریا تین مرتبہ زیرِ زمین جوہری بم کے تجربات کر چکا ہے۔