واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی حکام نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو ایک کمپیوٹر وائرس کے ذریعے تباہ کرنے کی کوشش میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے ایک انٹیلی جنس اہلکار نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ امریکی حکومت نے 5 برس قبل شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو کمپیوٹر وائرس کے ذریعے تباہ کرنے کے لئے ایک مہم چلائی جس کے تحت شمالی کوریا کے جوہری پرومرام کو اسٹنکس نیٹ وائرس کی طرز کے ایک وائرس کے ذریعے سے تباہ کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔
وائرس نے شمالی کوریا کی زبان کو سمجھنے کے بعد ان کے جوہری پروگرام پر حملہ کرنا تھا لیکن یہ وائرس شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو چلانے والی مشینوں تک رسائی ہی حاصل نہیں کر پائی۔
شمالی کوریا کے پروگرام کو تباہ کرنے والی امریکی مہم سے منسلک ایک دوسرے انٹیلی جنس اہلکار نے بتایا کہ پیانگ یانگ کا مضبوط سیکیورٹی سسٹم اور دنیا سے الگ کمیونیکیشن سسٹم امریکی منصوبے کی ناکامی کی وجہ بنے۔ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پینٹاگون حکام کو یہ کہتے سنا کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنے کا منصوبہ ناکام ہو گیا تاہم اس حوالے سے ان کے پاس مزید کوئی معلومات نہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے 10-2009 میں ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنے کے لئے اسٹنکس کمپیوٹر وائرس کا استعمال کیا تھا جس نے ایران کے 1000 سے زائد سینٹری فیوجز کو تباہ کردیا تھا۔ ایران کے جوہری پروگرام پر وائرس حملہ امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر کیا تھا۔