شمالی اور جنوبی کوریا فیکٹری پارک کھولنے پر رضامند

Factory Park

Factory Park

سیول (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق جنوبی کوریا کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق فی الحال یہ انڈسٹریل پارک تجرباتی بنیادوں پر کھولا جائے گا۔ واضع رہے کہ پانچ ماہ پہلے دونوں ملکوں کے مابین پیدا ہونے والی فوجی کشیدگی کے سبب یہ صنعتی پارک بند کر دیا گیا تھا۔ کائے سونگ اقتصادی کمپلکس سرحد پر شمالی کوریا میں واقع علاقہ ہے جہاں جنوبی کوریا کی 123 فیکٹریاں قائم ہیں جن میں شمالی کوریا کے 50 ہزار سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں۔

اس سال 12 فروری کو جب شمالی کوریا نے ایٹمی تجربہ کیا تو اس کے جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے اور اقوام متحدہ نے اس پر بعض پابندیاں عائد کی تھیں۔ اس کے بعد سے تنازعات میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ جنوبی کوریا کی یونیفیکیشن وزارت نے کہا تھا کہ دونوں فریقین کے درمیان کائے سونگ اقتصادی زون کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں ایک پانچ نکاتی معاہدے پر اتفاق ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق اس معاہدے میں کہا گیا تھا کہ جنوبی اور شمالی کوریا ملازمین کی واپسی کے نتیجے میں کائے سونگ اقتصادی کمپلکس کے بند ہوجانے جیسے واقعات کو پھر سے نہیں ہونے دیں گے۔ یہ دونوں کوریا کے مابین آخری فعال مشترکہ پروجیکٹ ہے اور پیونگ یانگ کیلیے آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔

پیونگ یانگ نے اس زون سے اپریل کے مہینے میں اپنے 53 ہزار مزدوروں کو بظاہر اقوام متحدہ کے ذریعے لگائی گئی پابندی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے ہٹا لیا تھا۔