کوئٹہ (جیوڈیسک) کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشگردوں کو گلے سے پکڑ لیا ہے۔
کوئٹہ میں پاک فوج سے انسدادِ دہشت گردی کی تربیت پانے والے پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، اس موقع پر اعلیٰ سیاسی شخصیات، پولیس اور کور کمانڈر کوئٹہ سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
پریڈ کے دوران تربیت پانے والے اہلکاروں نے اغوا کاروں کے چنگل سے مغویوں کو چھڑانے، اپنے اہداف کو نشانہ بنانے اور عمارتوں کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔
پریڈ سے خطاب کے دوران کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 50 ہزار افراد نشانہ بنے ہیں، سیکیورٹی فورسز ملک میں امن قائم کر رہی ہیں۔
پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور فوج کی پشت پر کھڑی ہے، قوم کے بیٹوں نے قومی پرچم اٹھایا ہوا ہے جب تک یہ زندہ ہیں ملک کا پرچم سرنگوں نہیں ہوسکتا۔ قومی پرچم کے تحفظ کے لئے پولیس کو بھی آگے آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کرائے کے قاتل دین کا استعمال کر کے قوم میں تفریق پیدا کرنا چاہتے ہیں، شمالی وزیرستان میں دہشگردوں کو گلے سے پکڑ لیا ہے۔