شمالی وزیرستان: چیک پوسٹ پر خود کش حملہ، 3 اہلکار شہید، آواران میں دو اہلکار شہید

Security Forces

Security Forces

شمالی وزیرستان (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خود کش حملہ میں 3 اہلکار شہید، 12 زخمی جبکہ آواران میں ایف سی کے قافلے پر بم حملے میں دو اہلکار شہید ہو گئے۔

شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر میران شاہ سے پچیس کلومیٹر دور مغرب کی جانب پاک افغان سرحد کے قریب تحصیل بویا میں خود کش حملہ آور نے سیکورٹی چیک پوسٹ سے بارودی بھری گاڑی ٹکرا دی۔

حملے میں تین اہلکار شہید اور بارہ زخمی ہو گئے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔

سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ خودکش دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کے قریب ایک گھر کی چھت گرنے سے پانچ خواتین زخمی ہو گئیں انہیں بھی سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر آواران میں بھی ایف سی کے قافلے کو شرپسندوں نے بم سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایف سی کے دو اہلکار شہید ہو گئے۔ واضح رہے اس سے پہلے بھی شرپسندوں نے ایف سی قافلوں کو نشانہ بنایا۔