شمالی وزیرستان (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 6 لاکھ 98 ہزار 435 ہوگئ ہے۔ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعداد تقریبا 7″ لاکھ تک جاپہنچی ہے، اپنا گھر بار چھوڑنے والے آئی ڈی پیز راشن کے حصول کے لیے رات کو ہی راشن سینٹروں کے باہر لائنیں لگالیتے ہیں۔
فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 6 لاکھ 98 ہزار435 تک جاپہنچی ہے۔ اب تک 53 ہزار 791 خاندانوں کو رجسٹر کرلیا گیا ہے۔
گزشتہ روز 246 خاندانوں میں 12 ہزار روپے کی نقد امداد تقسیم کی گئی۔ اب تک 28 ہزار 413 خاندانوں میں 34 کروڑ 9 لاکھ 56 ہزار روپے کے امداد تقسیم کی جاچکی ہے۔ امداد تقسیم کیے جانے کے حکومتی دعوے اور اعداد و شمار اپنی جگہ تاہم بنوں میں قائم راشن سینٹروں کے باہر رات کو ہی قطاریں لگانے والے کچھ اور ہی حال سناتے ہیں۔