شمالی وزیرستان (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے شوہ میں صبح ساڑھے سات بجے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق اور 6 اہلکار زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے فوری بعد ٹل سے میر جانیوالے روڈ کو بند کر دیا گیا۔ 4 شدت پسندوں میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
شدت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم انصار المجاہدین نے قبول کر لی۔ انصار المجاہدین کے ترجمان کے مطابق حکیم اللہ محسود کے قتل کا بدلہ لیا ہے۔ حملوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ دوسری جانب صوابی میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا۔
حملہ آوروں کی تعداد بارہ تھی۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں چار حملہ آور مارے گئے۔ حملے کے بعد پورے علاقے کو سکیورٹی فورسز اور پولیس نے گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔