شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کے لئے عید مارچ کیا جائے گا : زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کے لئے جمعیت عید کاررواں چلائے گی، ملک بھر میں فنڈ ریزنگ کے لئے خصوصی کیمپس اور سٹالز لگائے جائیں گے۔

آپریشن سے متاثرہ افراد کو میڈیکل کی سہولیات دینے کے لئے متاثرین کے کیمپس میں میڈیکل کالجز کے کارکنان ِجمعیت فری میڈیکل کیمپس لگائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف جہاں قبائلی عوام اپنے گھر بار، کاروبار اور دیگر اشیاء سے محروم ہیں جبکہ دوسری طرف طلبہ اور طالبات کی ایک بڑی تعداد کا تعلیمی نقصان بھی ہوا ہے۔ جس کی تلافی کے لئے حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں ہو رہے ہیں۔

ان حالات میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کا فیصلہ کیا ہے اس کے لئے جمعیت متاثرین کے کیمپس میں فری کوچنگ سینٹرز چلائے گی جبکہ صوبے میں مختلف مقامات پر متاثرین کے لئے اسٹڈی کیمپس چلائے جائیں گے ۔ ان کیمپس میں طلبہ کو ماہر اساتذہ کی نگرانی میں تعلیمی عمل جاری رکھنے کے لئے معاونت فراہم کی جائے گی۔

جبکہ یہ اسٹڈی کیمپس اقامتی ہوں گے ۔ متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو کھانا اور رہائش بھی جمعیت کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے۔ دریں اثناء انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کے طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور انہیں حکومت کی جانب سے مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ سکالر شپس بھی فراہم کی جائیں ۔ ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ نے پاکستانی عوام اور مخیر حضرات سے آپریشن سے متاثرہ طلبہ کی بحالی کے لئے جمعیت سے تعاون کی اپیل بھی کی۔