شمالی وزیر ستان سمیت ملک بھر میں کارروائی، 55 دہشتگرد ہلاک

Operation Zarb E Azb

Operation Zarb E Azb

راولپنڈی (جیوڈیسک) ملک بھر میں دہشت گردوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،شمالی وزیر ستان اور مختلف شہروں میں کارروائی کے دوران پچپن دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ پانچ دہشت گردوں سمیت اٹھارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

افواج پاکستان کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اورکزئی ایجنسی اور خیبر ایجنسی کی سرحد پر شیریں درہ اور خزانہ کندو کے علاقوں میں موجود دہشت گردوں پر حملہ کیا گیا ۔رات گئے ہونے والی اس جھڑپ میں 16 دہشتگرد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔

دہشت گرد اپنے 9 ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئےجبکہ دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا،فائرنگ کے تبادلے میں 4 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں انتالیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق کل شام کی گئی اس کارروائی میں دو اہم کمانڈرز بھی مارے گئے جبکہ گولا بارود کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ ہوگیا،آئی ایس پی آر کے مطابق ذخیرے کی تباہی کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں کی آوازیں جیٹ طیاروں کے پائلٹس نے بھی سنیں۔

ادھر چارسدہ کے علاقے شب قدر میں کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی کو ناکے پر گرفتار کر لیا گیا ،اس کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ ملزم کی نشاندہی پر 150 کلو بارود اور دیگر دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے ۔عرفان خراسانی سنگین نوعیت کے11مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا جن میں صحافی مقرم خان اور اے این پی کے رہنما شاہ جہاں خان کا قتل بھی شامل ہے ،چارسدہ پولیس کے سرچ اینڈ اسڑائیک آپریشن میں دو مزید دہشت گردوں وسیع اللہ عرف ابو بکراور روح اللہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

مانسہرہ میں بھی شیخ آباد اور بیدڑہ افغان مہاجرکیمپوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ ڈی ایس پی کے مطابق کارروائی میں 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہور میں بھی سرچ آپریشن کے دوران کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ہاسٹل سے3 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔