میران شاہ (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں چار روز سے جاری کرفیو اٹھالیا گیا۔ علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں پانچ کمانڈروں سمیت 75 دہشت گرد مارے گئے۔
پولیٹیکل حکام کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کیا گیا تھاجو چار روز بعد اٹھالیا گیا ہے۔ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں سمیت میران شاہ بنوں روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت بھی بحال ہوگئی ہے۔
سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف بدھ کی شب کارروائی شروع کی تھی۔میر علی کے مختلف علاقوں حسو خیل، ایسوڑی، حرمز اور موسکی جبکہ تحصیل بویا کے علاقوں دیگان اور لانڈمحمدخیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی تھی،دوسرے دن ماچس کے علاقوں سے مقامی آبادی کے انخلاء کے بعد شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر گن شپ ہیلے کاپٹروں اور ٹینکوں سے گولے فائر کئے گئے۔
چار روزہ کارروائی کے دوران 75 سے زائد شدت پسند مارے گئے۔کارروائی میں ازبک کمانڈر ابو احمد، کمانڈر قانونی، کمانڈر صابر،کمانڈر گیلامن اور کمانڈر جہاد یار بھی مارے گئے۔اس دوران سیکورٹی فورسز اورشدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں افسر سمیت 4 سیکورٹی اہل کار بھی شہید ہوئے تھے۔