راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز کی گئی فضائی کارروائی میں 2 اہم کمانڈروں سمیت 39 دہشت گرد مارے گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے جاری آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے دوران جیٹ طیاروں نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں بمباری کی جس میں 2 اہم شدت پسند کمانڈروں سمیت 39 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے زیر زمین گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کیا گیا جس کی آواز جیٹ طیاروں کے پائلٹوں نے بھی سنی۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف 14 جون سے جاری آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں اب تک سیکڑوں دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانوں اور اسلحہ مراکز کو تباہ کیا گیا ہے۔