شمالی وزیرستان (جیوڈیسک) پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے علاقے خاڑکمر میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 فوجی افسران اور 1 جوان شہید ہو گئے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خاڑ کمر میں فورسز کو ایک بار پھر دہشت گردی کا سامنا ہوا ہے جہاں دہشت گردوں نے فوجی گاڑی کو سڑک پر نصب بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا جس کے باعث پاک فوج کے تین افسران لیفٹیننٹ کرنل، میجر، کیپٹن سمیت ایک جوان شہید جب کہ چار جوان زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے افسران میں لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ شامل ہیں جن کا تعلق ہنزہ سے تھا۔کراچی سے تعلق رکھنے والے میجر معیز مقصود شہید ہونے والوں میں شامل ہیں، شہید کیپٹن عارف اللہ کا تعلق لکی مروت سے جبکہ شہیدلانس حوالدار ظہیر چکوال کے رہائشی تھے۔
خاڑ کمر واقعے میں زخمی ہونے والے 4 فوجیوں کو طبی امداد کی فراہمی کےلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ اسی علاقے سے چند دن قبل فورسز نے سرچ آپریشن کر کے چند سہولت کاروں کو پکڑا تھا اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران 10 سیکورٹی اہلکار شہید اور 35 زخمی ہوئے۔
وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی سخت مذمت کی۔ شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
اس موقع پر عمران خان نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں۔ ریاست ان عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔
اُدھر صدر مملکت عارف علوی نے شمالی وزیرستان میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کی اور شداء کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر قبائلی علاقوں میں امن کی بحالی کے دشمن ہیں، قوم شر پسند عناصر کی سازشوں کیخلاف متحد ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ دھرتی ماں پر جان قربان کرنے والے جانباز قوم کے ھیرو ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی شہداء کے خاندانوں کے غم میں شریک ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی دھماکے کی مذمت کی اور شہید ہونیوالے فوجیوں کے لئے فاتحہ خوانی اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں شہدا کے ورثا کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایسے شر پسند عناصر پاک فوج کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہے گی، پوری قوم اپنی افواج کے سا تھ ہے اور ایسے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ فوجیوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم حملوں سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، شہدا کی عظیم قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی، قوم شہداء کی قرضدار ہے، شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالی شہداء کو بلند ترین مرتبہ عطا فرمائے۔