شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ تشویشناک ہے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شمالی وزیرستان میں بمباری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی آپریشن کا فیصلہ تشویشناک ہو گا جس سے ملک کیلئے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔ ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ بمباری سے معاملات زمینی کارروائی کی طرف بھی بڑھ سکتے ہیں جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوسکتی ہے۔ مختلف علاقوں میں آپریشن کے باعث جن 20 افراد نے نقل مکانی کی تھی انہیں ریاست نے نظر انداز کردیا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے دہشت گردی میں واضح کمی آئی۔ وزیر اعظم طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔ وزیرستان کے بڑے قبائل نے جنگ بندی اور بات چیت کی مکمل حمایت کی تھی۔ دہشتگردی کیخلاف حکومت کی مجموعی حکمت عملی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ موجودہ سطح پر مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانا بالائے فہم ہے اور سیاسی قیادت کو اندھیرے میں رکھنا بھی کم تشویشناک نہیں۔