لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے خیبر پختونخواہ کی حکومت کو آگاہ نہیں کیا گیا، ہماری تجویز ہے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے جانے چاہئیں۔
منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا انہیں افسوس ہے مرکزی حکومت نے ملک میں قیام امن کیلئے کوئی روڈ میپ نہیں دیا۔ تمام جماعتوں نے مرکزی حکومت کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تھا۔ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تھے۔
تو وزیر اعظم نواز شریف کو سیاسی جماعتوں سےرابطہ کرناچاہئے تھا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت دوقدم آگے بڑھتی ہے تو چار قدم پیچھے ہٹتی ہے۔ جب کوئی حکومت تنہا پرواز کرتی ہے تو وہ تنہا ہو جاتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کی صورتحال کاجائزہ لینے اور مستقبل کی پالیسی وضع کرنے کیلئے اجلاس بھی منعقد ہوا۔ جس میں مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔