اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کوشمالی وزیرستان آپریشن سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جارہا ہے، وزیراعظم آج قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ہو گا۔ ذرائع نے بتایا ہے۔
کہ وزیر اعظم نواز شریف بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور شمالی وزیرستان آپریشن پر ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا شمالی وزیرستان آپریشن کے معاملے پرآج قوم سے خطاب کابھی امکان ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کامیابی کےلیے تمام ضرورری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر مسلسل رابطے میں ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران عام لوگوں کا جانی نقصان کم سے کم ہو۔ فوج اور سویلین اداروں کے درمیان منظم رابطوں کو بھی یقینی بنایا جائے۔