راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے متعلقہ حکام کو شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی واپسی کے لیے تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز کی واپسی اولین ترجیح ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے پشاور ہیڈ کوارٹر کادورہ کیا جہاں انہوں نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب اور خیبرایجنسی میں ہونے والے آپریشن خیبرون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
جبکہ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کو دہشت گردوں کے خلاف جاری دونوں آپریشن پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جس پر جنرل راحیل شریف نے آپریشنز میں حاصل ہونے والے اہداف پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس میں شامل دستوں کے جذبے کو بھی سراہا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرایجنسی میں اب تک 400 سے زائد دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان میں بھی دتہ خیل سے آگے موثر ہدف بندی ہورہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران ملکی ساختہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جس سے دہشت گردوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور وہ ان علاقوں سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پشاور ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی بحالی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو متاثرین کی واپسی کے لیے تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئی ڈی پیز کی بحالی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔