شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری، 23 دہشتگرد ہلاک

North Waziristan

North Waziristan

راولپنڈی (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری، پاک فوج کی دو مختلف کاروائیوں میں 23 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ میرانشاہ اور غلام خان سے سول آبادی کا انخلاء شروع ہو گیا۔ سدگی پوسٹ پر رجسٹریشن پوائنٹس کی تعداد 20 تک کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج نے زرتا تنگی کی پہاڑیوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے کارروائی کی جس کے نتیجے میں 15 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں چھپے ہوئے دہشتگردوں کی ناکہ بندی کا سلسلہ جاری ہے اور پاک فوج نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا محاصرہ مزید سخت کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دہشت گردوں کی علاقے سے فرار ہونے کی تمام کوششیں ناکام بنا دی ہیں۔

‫پاک فوج نے دہشتگردوں کا مواصلاتی سینٹر بھی تباہ کر دیا ہے۔ زرتا تنگی کی پہاڑیاں دہشتگردوں کے اہم کمیونیکیشن سینٹرز میں سے ایک تھیں۔ پاک فوج کے ماہر نشانہ بازوں کی فائرنگ سے 8 ازبک دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے۔ دہشتگرد ‫میرانشاہ میر علی روڈ پر بارودی سرنگ نصب کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ اور غلام خان سے سول آبادی کا انخلاء شروع ہو گیا ہے۔ مختلف جگہوں پر آئی ڈی پیز کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو خوارک، پینے کا پانی اور ادویات دی جا رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سدگی میں رجسٹریشن پوسٹ بڑھا کر 20 کر دی گئی ہیں۔ 10 پوسٹیں مردوں جبکہ 10 پوسٹیں خواتین کیلئے مختص کی گئی ہیں۔ بنوں میں بھی آئی ڈی پی کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔