شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ اور بم حملہ، ایک جوان شہید

Pak Army

Pak Army

پشاور (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ اور بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان پاک فوج کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سپاہی عامل شاہ شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دہشت گرد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور 5 ماہ کے دوران 5 سپاہی شہید اور 31 زخمی ہو چکے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملے کا واقعہ بھی دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے باعث پیش آٰیا۔

خیال رہے کہ 25 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں مسلح افراد نے خار کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

پاک فوج نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا جب کہ محسن داوڑ موقع سے فرار ہو گئے تھے۔

بعد ازاں پاک فوج نے چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں محسن داوڑ کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔

علی وزیر اور محسن داوڈ کو علیحدہ علیحدہ مواقع پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے دونوں کو 8 روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر رکھا ہے۔

وفاقی کابینہ اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔