شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا زمینی آپریشن شروع، 15 دہشت گرد ہلاک

 Pakistan Army

Pakistan Army

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں شہری انخلاء کے بعد میرا نشاہ میں زمینی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ فوجی جوانوں نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زمینی کارروائی میں اب تک 15 دہشتگرد مارے گئے جبکہ اب تک انیس دہشتگردوں نے خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں سترہ جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

گزشتہ پندرہ روز میں دہشت گردوں کے اکسٹھ ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں۔ پندرہ جون سے شروع ہونے آپریشن میں ابتک مارے جانے والے دہشتگردوں کی تعداد تین سو چھہتر تک پہنچ چکی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف شہروں میں قائم پاک فوج کے پچپن ریلیف کیمپوں سے دو سو چھہتر ٹن راشن جمع کر کے بنوں بجھوا دیا گیا ہے جبکہ پانچ ہزار چھ سو پینسٹھ مریضوں کو خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں میں طبی امداد دی گئی ہے۔