راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے چار جوان شہید اور چار دہشت گرد مارے گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کے بویا علاقے سے 8 کلومیٹر شمال مغرب میں وژدہ سر کے علاقے میں یہ کارروائی کی گئی۔ مذکورہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر کارروائی کی جس کے دوران وہاں موجود چاروں دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار جوان بھی شہید ہوئے۔ بعدازاں فوج نے علاقے کو کلیئر کروالیا۔ اس کارروائی میں سپاہی محمد اسماعیل خان، سپاہی محمد شہباز یاسین، سپاہی راجا وحید احمد اور سپاہی رضوان خان نے جام شہادت نوش کیا۔