شمالی وزیرستان میں پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑی جا رہی ہے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

بنوں (جیوڈیسک) بنوں میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پر حملہ آور ہونے والوں نے پورے ملک کو مفلوج کرکے رکھ دیا تھا۔

فوج بڑی دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا صفایا کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ امن کی خاطر گھر بار چھوڑنے والوں کی قربانیاں بھی لائق تحسین ہیں۔ آخری متاثرہ خاندان کی دوبارہ بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا ہے۔ ہم نے ہر جگہ ڈیڑھ انچ کی مسجد کھڑی کر رکھی ہے۔

صورتحال کے نتیجے میں کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے سوات اور شمالی وزیرستان میں جدید ہسپتال اور گرلز کالج کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

اس سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز بنوں کا دورہ بھی کیا۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل اختر راؤ نے انہیں آپریشن ضرب عضب اور آئی ڈی پیز کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔