شمالی وزیرستان میں دو پاکستانی فوجی مارے گئے

North Waziristan - Pakistani Army

North Waziristan – Pakistani Army

شمالی وزیرستان (اصل میڈیا ڈیسک) افغان سرحد سے متصل پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان ہوئی ایک تازہ جھڑپ کے نتیجے میں دو پاکستانی فوجی مارے گئے ہیں۔ ایسے خدشات ہیں کہ جنگجوؤں کے اس سابقہ مضبوط ٹھکانے میں جنگجو ایک مرتبہ پھر طاقت جمع کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں اتوار کے دن دو پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فوجی دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں مارے گئے۔

پاکستانی فوج کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز نے ایک عسکری آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس ی آر نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی مارے گئے ہیں۔

ماضی میں شمالی وزیرستان میں القاعدہ اور حقانی نیٹ ورک سے وابستہ طالبان نے محفوظ ٹھکانے بنا رکھے تھے۔ سن دو ہزار چودہ کو شروع کیے گئے متعدد فوجی آپریشنز کے نتیجے میں ان جنگجوؤں کو افغانستان دھکیل دیا گیا تھا۔

تاہم اب ایک مرتبہ پھر مبینہ طور پر افغانستان میں موجود یہ جنگجو پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں طاقت جمع کر رہے ہیں۔ گزشتہ کچھ ماہ سے اس علاقے میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

جولائی میں ہی عسکریت پسندوں نے مقامی خواتین اور اسکول جانے والی لڑکیوں کو دھمکایا تھا۔ تب جنگجوؤں نے لوگوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے تھے۔ ان پرچوں میں کہا گیا تھا کہ خواتین محرم مردوں کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ان پمفلٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اسکول ‘غلط عقائد نہ پڑھائیں ورنہ انہیں گولیوں اور بموں سے نشانہ بنایا جائے گا‘۔