شمالی وزیرستان میں 2 طالبان گروپوں میں مسلح تصادم، اہم کمانڈر سمیت 7 افراد ہلاک

North Waziristan

North Waziristan

شمالی وزیر ستان (جیوڈیسک) میران شاہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے علاقے واچہ میلہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شہریار محسود اور خان سید گروپ کے مابین ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں سے 5 کا تعلق شہریار محسود گروپ جب کہ 2 کا تعلق خان سید گروپ سے ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں دونوں گروپوں کے درمیان ہونے والی لڑائی میں شہریار گروپ کے اہم کمانڈر عاشق اللہ محسود سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد طالبان کے گروپوں میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں اور خان سید گروپ نے تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کر لی تھی، دونوں گروپوں کے درمیان اپریل سے جاری تصادم کے نتیجے میں اب تک 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔